اسلام آباد (لاہور نامہ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ صحافیوں کے جان و مال کی حفاظت کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے،
تحریک انصاف حکومت صحافیوں کے تحفظ کیلئے جلد قانون پارلیمان میں لارہی ہے، صحافیوں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور صحافیوں کی شناخت کے حوالے سے واضح قانونی بل تیار کیا گیا ہے۔
بدھ کو وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے اسلام آباد میں پاکستان فیڈرل آف یونین جرنلسٹ کے زیر اہتمام قومی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایف یو جے کی ایک درخشندہ تاریخ ہے اور بڑے بڑے نام اس سے وابستہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صحافت ایک چیلنجنگ شعبہ بن چکا ہے، کیمرہ رکھنے والا ہر شخص صحافت کر رہا ہے جبکہ اب ہمیں جدید تقاضوں کے مطابق کام کرنا ہو گا۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ آزادی اظہار رائے اورمیڈیا کے ساتھ تعلقات بہتر ہوں کیونکہ جمہوری حکومت میڈیا کے بغیر بڑھوتری نہیں ہو سکتی ہے،
حکومت کو صحافیوں کے مسائل و مشکلات سے آگاہ ہیں اور حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی صرف ایک ڈیمانڈ ہے کہ حکومت کے اچھے کاموں پر ساتھ دیں اور غلط کاموں پر اعتراض کریں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے صحافیوں کیلئے بل تیار کیا ہے جس میں صحافی کو واضحات کی گئی ہے اور صحافیوں کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے حوالے سے بل ایوان میں پیش کیا گیا ہے، تنخواہوں کی ادائیگی کو مالکان کے اختیارات اور دیگر گرانٹس سے مشروط کرنے کا کہا گیا ہے .
کیونکہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ صحافی جو معاشرے کا سب سے اہم ترین حصہ ہیں اور ان کے جان و مال کی حفاظت کرنا ہمارا فرض ہے۔