اسلام آباد(لاہور نامہ) وزیراعظم عمران خان بھی کورونا کا شکار ہوگئے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹوئٹ میں اس بات کی تصدیق کہ وزیر اعظم کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد وزیراعظم نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے ۔
ذرائع وزیراعظم ہاﺅس کے مطابق وزیراعظم کو انفیکشن کورونا ویکسین لگوانے سے پہلے سے تھا، وزیراعظم کا ٹیسٹ ویکسینیشن کے بعد ہوا۔وزیراعظم کو کورونا ویکسینیشن کی ابھی پہلی ڈوز لگی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وزیرا عظم ہاﺅس کے تمام ملازمین کا کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے وزیرا علیٰ کے پی محمود خان اور وزیر مواصلات مراد سعید سمیت دیگر معاون خصّوصی اپنے اپنے کورونا ٹیسٹ کرائیں گے۔
پرنسپل سیکرٹری اعظم خان ، ملٹری سیکرٹری سمیت تمام ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کئے جائیں گے۔وزیرا عظم سے ملاقاتیں کرنے والے وزرائ اور افراد بھی اپنا کوروبا ٹیسٹ کرائیں گے ۔
ذرائع کا کہناہے کہ وزیراعظم اجلاسوں کی صدارت اور دیگر میٹنگز ویڈیو لنک سے کر سکتے ہیں ۔وزیراعظم کی آئندہ ہفتے کی مصروفیات انکی صحت دیکھ کر طے کی جائیں گی۔دریں اثناء سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر وزیر اعظم کا عوام سے ٹیلی فون پر رابطہ بھی ملتوی کردیا گیا ہے ۔
ٹیلی فونک رابطے کی نئی تاریخ کا اعلا ن بعد میں کیا جائے گا ۔انہوں نے وزیر اعظم کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔ معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی علامات شدید نہیں ہیں انہیں ہلکی سی کھانسی اور بخار ہے انکی صحت کے بارے میں عوام کو اپ ڈیٹ کیا جاتا رہے گا ۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نے چند روز قبل ہی کورونا سے بچاﺅ کی ویکسین لگوائی تھی جو چین سے درآمد کی گئی تھی لیکن اس کے باوجود ان کا کوروناٹیسٹ مثبت آیا ہے ۔