شاہد خاقان عباسی

جو حکومت ووٹ چوری کرتی ہو، وہ کیا الیکشن ریفارم کریگی ،شاہد خاقان عباسی

کراچی(لاہور نامہ)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئرنائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نیب عدالتوں میں کیمرے لگانے مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ جو حکومت خود ووٹ چوری کرتی ہو، وہ حکومت کون سے الیکٹورل ریفارمز چاہتی ہے؟

فواد چوہدری بتائیں الیکٹرونک ووٹنگ کیا ہے؟ یہاں حکومت پریزائیڈنگ افسران اٹھاکر لیجاتی ہے، اگرووٹنگ مشین لے گئی تو پھرکیا ہو گا۔ہفتہ کو کراچی کی احتساب عدالت میں پی ایس او میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں پیشی کے بعد سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے مطالبہ کیا کہ نیب عدالتوں میں کیمرے لگائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام دیکھ سکیں کہ کیسے کیسز بنائے جارہے ہیں۔ جو حکومت سینٹ الیکشن میں کیمرے لگاسکتی ہے وہ کچھ بھی کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ نیب کی حقیقت نیب کی اس پٹیشن سے پتہ چل گئی ہے، جو مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے لگائی گئی۔ کہا گیا کہ قومی اداروں کے خلاف بیان دیتی ہیں، صرف ہراساں کرنے اور زبان بندی کے لیئے کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ نیب کی حقیقت اور مقصد کو لوگ جانتے ہیں، نیب کو حکومت سیاسی مخالفت کیلئے استعمال کر رہی ہے۔نیب نے خود اعتراف کرلیا ہے کہ وہ قومی اداروں کے تحفظ کا ذمہ دار ہے، اب وہ کون سے قومی ادارے ہیں اس کا ذکر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی بد نیتی بھی عیاں ہوچکی ہے۔ وزیراعظم نے اسپیکر کو الیکشن ریفارمز کمیٹی کے لیئے خط لکھا ہے، جو حکومت ووٹ چوری کرتی ہو وہ کیا ریفارم کرے گی۔شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ یہاں تو حکومت پریزائیڈنگ افسر اٹھا کر لے جاسکتی ہے، وہ مشینیں بھی اٹھا سکتی ہے۔

انہوں نے فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری میرے چھوٹے بھائی ہیں وہ بتادیں الیکٹرونک ووٹنگ کیا ہے پھر میں ان کو بتادوں گا۔انہوں نے کہا کہ اداروں کے خلاف جاوید لطیف کا کوئی اسٹیٹمنٹ نہیں دیکھا،

میں جاوید لطیف کی اس بات سے اتفاق نہیں کرتا، انہیں معافی مانگنی چاہیے تھی۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم تتر بتر نہیں ہوسکتی، وہ ایک مقصد کے لئے بنی ہے،پیپلزپارٹی کو حق ہے اختلاف رائے کا، ہم ناراض نہیں ہیں، این اے 249 سے مفتاح اسماعیل نون لیگ کے امیدوار ہیں۔