لاہور(لاہور نامہ) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پانی اللہ تعالی کی انمول نعمت ہے، پاکستان زرعی، معدنی اور شاندار قدرتی خزانوں کے ساتھ بہترین آبی وسائل سے مالا مال ہے، آبی وسائل کو بروئے کار لاکر وطن عزیز کو دنیا کا خوشحال ترین اور ترقی یافتہ ملک بنایا جا سکتا ہے۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے پانی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پانی کے کم ہوتے ذخائر کو محفوظ بنانا قومی ذمہ داری ہے، تحریک انصاف کی حکومت آنے والی نسلوں کیلئے نئے آبی ذخائر بنانے کیلئے پرعزم ہے۔
حکومت صوبے میں پانی کو بچانے کیلئے ڈیمز بنانے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے، ڈیمز بننے سے ہزاروں ایکڑ اراضی کو بنجر ہونے سے بچایا جاسکے گا۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ڈیمز اورآبی ذخائر بننے سے زیر زمین پانی کا لیول بھی بلند ہوگا،
چھوٹے ڈیم اورآبی ذخائر بنا کر پینے کے پانی کی ضروریات پوری کریں گے، چھوٹے آبی ذخائر کے پراجیکٹ جلد مکمل ہوں گے، پانی قیمتی اثاثہ ہے، اسے کسی قیمت پر ضائع نہیں ہونے دیں گے، پانی کا ضیاع روکنے کیلئے ہماری حکومت سخت اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ پانی کو کفایت سے استعمال کریں، آج کی بچائی ہوئی ایک بوند کل کی نسلوں کے کام آئے گی، پانی کا عالمی دن منانے کا مقصد عوام میں پانی کی اہمیت و ضرورت اور افادیت کے بارے میں شعور کو عام کرنا ہے۔