پنجاب آب پاک اتھارٹی

پنجاب آب پاک اتھارٹی نے 4 ارب سے زائد کے منصوبوں پر کام شروع کر دیا، محمد سرور

لاہور(لاہور نامہ) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی کے4ارب روپے سے زائد مالیت کے منصوبوں پر کام کا آغاز ہوچکا ہے اور ان منصوبوں میں شفافیت کو100فیصد یقینی بنایا جائے گا کسی بھی سطح پر ایک روپے کی بھی کر پشن کو برداشت نہیں کی جائے گی ،

اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اسمبلی کے حلقوں میں بھی پنجاب آب پاک اتھارٹی بغیر کسی سیاسی تفر یق کے فلٹر یشن پلانٹس لگائے گی۔وہ سوموار کے روز گور نر ہائوس لاہور میں ورلڈ واٹرڈے کے حوالے سے منعقدہ تقر یب سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقعہ پر چیئر مین پنجاب آب پاک اتھارٹی ڈاکٹر شکیل خان ، وائس چیرمین واسا شیخ امتیازاحمد ،گور نر پنجاب کی اہلیہ و چیئر پر سن سرور فائونڈیشن بیگم پروین سرور ، الخدمت فاونڈیشن کے سر براہ سید احسان اللہ وقاص، وائس چانسلر خواجہ فرید یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی رحیم یار خان ڈاکٹر محمد سلیمان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

گور نر پنجاب وپیٹر ن انچیف پنجاب آب پاک اتھارٹی چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی نے چک جھمرہ میں جو اپنا پہلا پلانٹ لگایا ہے وہاں بھی ایم پی اے (ن) لیگ سے اور ایم این اے پاکستان تحر یک انصاف سے ہیں .

جو اس بات کا ثبوت ہے کہ فلٹر یشن پلانٹس کے منصوبوں میں کسی قسم کی سیاسی مفادات کے لیے تفر یق نہیں کی جا ری بلکہ سب کچھ صاف اور شفاف ہے۔

چوہدری محمدسرور نے کہا کہ میر ی سر براہی میں 165سے زائد فلاحی تنظیموں کا پنجاب ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کام کر رہا ہے اور اس میں پینے کے صاف پانی کے شعبے میں کام کر نیوالی تمام فلاحی تنظیموں سے کہا جارہا ہے کہ وہ کم ازکم20فیصد پنجاب سے باہر سندھ ،بلوچستان اور خیبر پختونخواہ سمیت دیگر صوبوں میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے خرچ کر یں .

جس کے لیے ہم بہت جلد ایک اجلاس بھی بلا رہے ہیں جس میں آئندہ کے حوالے سے حکمت عملی طے کی جائے گی ۔کورونا کے حوالے سے گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر بہت زیادہ خطر ناک ہے.

اور اپوزیشن جماعتوں کو بھی چاہیے کہ وہ عوام کی جان کے تحفظ کو تر جیح دیں اور ان حالات میں کسی قسم کی سیاسی سر گر می کورونا کے پھیلائو میں مزید اضافے کا سبب بن سکتی ہے جو ملک وقوم کے لیے خطر ناک ہوگا۔

تقر یب سے خطاب کے دوران الخدمت فاونڈیشن کے سر براہ سید احسان اللہ وقاص نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کے حوالے سے ہم پورے پاکستان میں کام کر رہے ہیں اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اب بھی پاکستان کے بہت زیادہ ایسے علاقے ہیں جو لوگوں کو پینے کے صاف پانی کے ساتھ ساتھ عام پانی بھی میسر نہیں جس کے لیے ہم سب کو مل کر کام کر نا ہوگا ۔

اُنہوں نے کہا کہ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور کاشکر یہ اداکر تاہوں جو ہمیشہ ہمارے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کرچلتے ہیں ۔چیئر پر سن سرور فائونڈیشن بیگم پروین سرور نے کہاکہ سرور فائونڈیشن عوام کو مفت پینے کا صاف پانی فراہم کر نے والی پاکستان کی سب سے بڑی این جی او ہے اور ہم روزانہ 2.5ملین سے زائد لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کر رہے ہیں ۔

اُنہوں نے کہا کہ پنجاب کے علاوہ ہم نے سندھ اور بلوچستان میں بھی مختلف مقامات پر فلٹر یشن پلانٹس لگائے ہیںاور اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ان پلانٹس میںکسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے اور لوگوں کو روزانہ کی بنیاد پر وہاں سے پینے کا صاف پانی ملے سکے۔