پاکستانی امپائر علیم ڈار قوانین کے نفاذ پر مشکل میں پھنس گئے

ڈربن:آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میںشامل پاکستانی امپائر علیم ڈار قوانین کے نفاذ پر نئی مشکل میں پھنس گئے جب انہوں نے ڈی آر ایس سے فیصلے کیلئے پندرہ سیکنڈ کے مقررہ وقت میں تاخیر پر سری لنکن اپیل مسترد کردی جس کے سبب آئی لینڈر سائیڈ ہاشم آملا کی وکٹ سے محروم رہی۔گزشتہ روز شروع ہونے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں سری لنکن پیسر وشوا فرنینڈو نے ڈین ایلگر کو صفر پر چلتا کیا لیکن دو گیندوں کے فرق سے ہاشم آملا کیخلاف ایل بی ڈبلیو کی یقینی اپیل پر علیم ڈار نے مثبت جواب نہیں دیاجس پر سری لنکن کپتان دیموتھ کرونارتنے نے اپنے پلیئرز نے باہمی مشورے کے بعد تھرڈ امپائر سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا لیکن علیم ڈار نے ان کی درخواست یہ کہتے ہوئے مسترد کردی کہ انہوں نے فیصلے میں تاخیر کردی کیونکہ بال ڈیڈ ہوجانے کے پندرہ سیکنڈ میں اپیل کی جا سکتی ہے۔آئی سی سی قوانین کے مطابق اگر امپائر محسوس کرے کہ ڈی آر ایس کیلئے تھرڈ امپائر سے رجوع کرنے میں تاخیر کی گئی ہے تو وہ اپیل مسترد کر سکتا ہے۔سپراسپورٹ براڈکاسٹ کیلئے کمنٹری کرنے والے ماہرین کا خیال ہے کہ دیموتھ کرونارتنے نے تیرہ سیکنڈز میں اپیل کا فیصلہ کرلیا تھا جبکہ علیم ڈار نے قانون کے مطابق دس سیکنڈز کا وقت ہونے پر بالر کو اپیل سے متعلق مطلع بھی نہیں کیا جس پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے۔کمنٹیٹر مائیکل ہولڈنگ نے واضح کیا کہ امپائرز کیلئے یہ میچ اچھا شروع نہیں ہوا کیونکہ علیم ڈار اور رچرڈ کیٹل برو نے فاش غلطیاں کیں جن کا نقصان سری لنکا کو اٹھانا پڑا۔