لاہو ر (لاہور نامہ) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلا ف محاذجنگ لڑنے والے صحت سے وابستہ افراد عالمی ہیروز ہیں،

آج دنیا ہیلتھ پروفیشنلز کو قومیت، علاقائیت، لسانیت اور مذہب کے نام سے ماروائے ہو کر انسانیت کے مجاہد کے نام سے پہچان رہی ہے۔ڈاکٹرز کے عالمی دن کے حوالے سے پروفیسر الفرید ظفر،پروفیسر محمد معین، پروفیسر طاہر صدیق، ڈاکٹر لیلیٰ شفیق اور ڈاکٹر عبدالعزیز نے گفتگو میں کہا کہ اس امر میں کوئی شک نہیں کہ ڈاکٹرز، نرسیں اورپیرا میڈکس ہر طرح کی صورتحال میں اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر فرنٹ فٹ پر ہمہ وقت اپنے فرائض منصبی پیشہ وارانہ لگن کے ساتھ ادائیگی میں مصروف عمل ہیں۔
30مارچ کا ڈاکٹرز ڈے ہمیں اس امر کی یاد دلاتا ہے کہ ہم سب کو ڈاکٹرز کمیونٹی کا شکریہ ادا کرنا چاہیے کیونکہ دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے کوشاں ڈاکٹرز اور میڈیکل سٹاف کا کردار لائق تحسین ہے البتہ شہریوں کو بھی اس ضمن میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
کورونا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان پروفیسر صاحبان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے بارہا اعلانات اور متعدد اقدامات کے باوجود معاشرہ مجموعی طور پرغیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہے جو انتہائی قابل افسوس ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بطور قوم چاہیے کہ مثبت سوچ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کورونا وبا کے خلاف متحد ہو کر فرنٹ فٹ پر لڑنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کاساتھ دیں اور ان کی ہر ممکن کوششوں کو کامیاب بنائیں .
لیکن یہ سب تب ممکن ہو گا جب ہر شخص کو انفرادی سطح پر کورونا روکنے کے لئے اپنے اپنے اہل خانہ کو احتیاطی تدابیر پر عملدرامد کو یقینی بنائے گا۔حکومتی ایس او پیز، طبی ماہرین کی گائیڈ لائن، احتیاطی تدابیر نظر انداز کرنا زندہ قوموں کی نشانی نہیں۔
علاوہ ازیں طبی ماہرین نے طب سے وابستہ افراد کی سلامتی، صحتیابی اور کورونا کے خلاف کامیابی کیلئے دعائیں بھی کیں۔
پروفیسر الفرید ظفر و دیگر طبی ماہرین نے کہا کہ کورونا وبا عالمی سطح پر مہلک شکل اختیار کر چکی ہے اور اس کی تیسری لہر نے بالخصوص یورپ اور ایشیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا نے دن بدن طویل دورانیہ اختیار کر لیا ہے اوراس کے اثرات انتہائی مہلک ہوتے جا رہے ہیں۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ اس صورتحال میں ہیلتھ پروفیشنلز کی ذمہ داریوں اور خطرات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے .
لیکن صرف میڈیکل پروفیشن سے تعلق رکھنے والے افراد اس عالمی وبا کا مقابلہ نہیں کر سکتے ہیں اس کے لئے پوری کمیونٹی کو احساس ذمہ داری پیدا کرنا ہوگا .
اور کورونا ایس او پیز کو لے کر اپنے غیر سنجیدہ رویے کو ترک کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر پر 100فیصد عمل درآمد کرنا ہوگا بصورت دیگر کوروبنا وبا انسانیت کے لئے بہت بڑا المیہ ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے اپنی سرگرمیاں محدود نہ کیں،ماسک کا استعمال فرض سمجھ کر پورا نہ کیا،سماجی فاصلوں کو پس پشت ڈالا تو اس صورتحال میں شعبہ صحت سے وابستہ افراد اپنا کردارا دا کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔