اسلام آباد (لاہور نامہ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جو اپوزیشن وزیراعظم کے خلاف اکٹھی ہوئی تھی خود ہی ٹکڑے ٹکڑے ہو گئی، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی پی ڈی ایم سے راہیں ہمیشہ ہمیشہ کیلئے جدا ہو گئی ہیں،
اپوزیشن ایوان میں اور انتخابی اصلاحات سمیت10بڑے ریفارمز میں حصہ لے،نئے الیکشن میں دن تھوڑے ہیں، وزیراعظم عمران خان سیاست کا کپتان ہے، عمران خان کو ہٹانے والے خودنا اہل ہیں۔
پیر کو وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم میں مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی ہمیشہ ہمیشہ کیلئے جدا ہو چکے ہیں، ساری زندگی دونوں ایک دوسرے کے خلاف لگے رہے لیکن عمران خان کو ہٹانے کیلئے اکٹھے ہوگئے،
عمران خان تو نہیں ہٹ سکا لیکن دونوں جماعتیں خود پیچھے ہٹ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اصل فیصلہ فضل الرحمان نے کرنا ہے، آئیں پارلیمان میں بیٹھیں، آپ سے عمران خان نہیں جاتا ہے اور ابھی ریفارمز کرلینے چاہیے کیونکہ حکومت کے تین سال ہونے کو ہیں، ابھی ریفارمز کرلیں اور الیکشن لڑیں جس کو قوم منتخب کریں اس کے ساتھ چلیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں ردوبدل ہوتی رہتی ہے، عمران خان کے ساتھ آیا تھا اور عمران خان کے ساتھ ہی جائوں گا، جہاں مجھے کھیلایا جائے گا وہاں کھیلوں گا کیونکہ وزیر وزیر ہوتا ہے، چاہے کوئی سا بھی ہو جبکہ مری وزارت کہیں نہیں جا رہی ہے،
وزارت داخلہ میں انقلابی کام کئے ہیں، پاسپورٹ کی مدت دس سال کر دی ہے، ایک لاکھ شناختی کارڈز بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے دور میں اسلام آباد کو باغوں کا شہر بنائیں گے، ہر 15دن بعد ایک پارک کی تزئین و آرائش کا افتتاح کریں گے،
نوجوانوں کیلئے کھیلوں کے میدان آباد کریں گے جبکہ صحافیوں کیلئے میڈیا سٹی کے قیام پر بھی جلد اعلان کیا جائے گا۔