لاہور(لاہور نامہ)پاکستان تحریک انصاف سمن آباد ٹائون حلقہ این اے 126کی صدر شگفتہ سجاد نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں شاید یہ پہلی اپوزیشن ہے جو ملک و قوم کی بجائے اپنی قیادت کے مسائل کو اجاگر کرنے اور انہیں ریلیف دلوانے کیلئے سڑکوں پر نکلی اور تھک ہار کر بیٹھ گئی ہے ،
مسلم لیگ (ن) میں قیادت سنبھالنے کی جنگ عروج پر ہے ، سابقہ حکومت قرضوں کے پہاڑ چھوڑ کر گئی اور ایک ایسا منصوبہ نہیں بنایا گیا جس سے یہ قرضے واپس ہو سکیں ۔
شگفتہ سجاد نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے لوگ انتخابات میں جیتنے کے بعد اپنے حلقوں میں نہیں گئے بلکہ اپنی قیادت کی کرپشن بچانے اور انہیں ریلیف دلوانے کیلئے سڑکوں پر رہے ۔
بد قسمتی سے ان لوگوں کے لئے تحریک چلائی گئی جو ہر بار قوم کو چھوڑ کر لندن جا بسیرا کرتے ہیں اور پھر حالات معمول پر آنے کا انتظار کرتے ہیں یہ قوم کے لیڈر ہیں ؟۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا پنجاب میں حکومت کی تبدیلی کادعویٰ دیوانے کی بڑ ہے ، اس کے پاس اسمبلی میں جتنے اراکین موجود ہیں اس سے تو ایک تانگے کی سواریاں بھی پوری نہیں ہوتیں۔