لاہور( لاہور نامہ)عالمی سطح پر چینی کی قیمت میں اضافے سے حکومت کیلئے نئی مشکل پیدا ہوگئی ،دنیا کے دیگر ممالک میں چینی کی قیمت بڑھنے سے پنجاب حکومت نے چینی کی درآمد کے فیصلہ پر عملدر آمد روک دیا ۔
ذرائع کے مطابق عالمی سطح پر چینی کی قیمت میں اضافے سے در آمدی چینی 90 سے 100 روپے کلو ہوگی اوراتنی مہنگی چینی خریدنا حکومت کیلئے ممکن نہیں۔
محکمہ صنعت نے سفارش کی ہے کہ عالمی منڈی چینی کی قیمت میں کمی کے بعد ہی چینی درآمد کی جائے ۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں تین لاکھ ٹن چینی کی کمی ہے ،رسد اور طلب میں تین لاکھ ٹن چینی کا فرق کسی نئے بحران کو جنم دے سکتا ہے ۔
ذرائع کے مطابق کسی نئے بحران کے امکانات کو ختم کرنے کے لیے حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے ،شوگر ملز سے فوری رابطے کرکے چینی بازاروں میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک غیر معمولی طور پر متحرک ہوگئے ہیں اور انہوںنے کین کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز سے رابطے کئے ہیں۔
کین کمشنر کے مطابق عالمی سطح پر چینی کی قیمت میں اضافے کے بعد فوری درآمد ممکن نہیں ،عالمی سطح پر چینی کی قیمت کم ہونے کے منتظر ہیں اورتین چار ماہ بعد ہی چینی کی درآمد ہو سکے گی ۔ کین کمشنر کے مطابق تین لاکھ ٹن چینی کی کمی دور کرنے کے لیے مختلف تجاویز زیر غور ہیں ۔