فروغ تعلیم, عثمان بزدار

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا پنجاب میں فروغ تعلیم کیلئے اہم اقدامات کا اعلان

لاہور (لاہور نامہ) پنجاب میں 27512پرائمری اور ایلیمنٹری سکول 50 ارب روپے کی لاگت سے اپ گریڈکئے جائیں گے- پہلے فیزکا آغاز یکم اگست سے ہوگا -40 لاکھ طلباء مستفید ہوں گے –

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے 90- شاہراہ قائداعظم پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایاکہ تعلیم تک رسائی پاکستان تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے- فروغ تعلیم کیلئے تمام تر کاوشیں جاری رکھیں گے –

یکم اگست سے سکول اپ گریڈیشن کے پہلے فیزمیں 17 ارب روپے کی لاگت سے تقریبا 21 ہزار پرائمری سکول ایلیمنٹری لیول پر اپ گریڈکئے جائیں گے – دوسرے فیزمیں 6653 ایلیمنٹری سکولوں کو ہائی سکول لیول اپ گریڈ کیاجائے گا -طے شدہ طریقہ کار کے مطابق طلبہ کی تعداد کو مد نظر رکھتے ہوئے موجودہ پرائمری سکولوں میں ایلیمنٹری اورایلیمنٹری سکولوں میں سکینڈ شفٹ میں سکینڈری کلاسز ہوں گی –

سول سٹرکچر تبدیل کرنے کی بجائے صرف اساتذہ اورسٹاف کواعزازیہ کی مد میں ادائیگی کی جائے گی- ایلیمنٹری سکولوں میں نہم اور دہم کلاس کیلئے 6653 کمپیوٹر اور سائنس لیب قائم کی جائیں گی – وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بتایاکہ سکولوں کی اپ گریڈیشن کا روایتی طریقہ کار اختیار کرتے تو 295 ارب روپے درکار تھے موجودہ پراجیکٹ سے 245 ارب روپے کی بچت ہوگی-

پہلے اور دوسرے فیزکے 27517 سکولوں میں سنٹرل پنجاب کے 11501، شمالی پنجاب کے 5402 او رجنوبی پنجاب کے 10614 پرائمری اور ایلیمنٹری سکول شامل ہیں – جنوبی پنجاب کے سکولوں کا تناسب تقریبا 38 فیصد بنتا ہے-

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سکولوں کی اپ گریڈیشن کیلئے کسی سیاسی سفارش یا وابستگی کی ضرورت نہیں بلکہ طے شدہ طریقہ کار کے مطابق میرٹ پر اپ گریڈیشن کی جائے گی – انہو ں نے کہاکہ اگر اورنج لائن میٹرو ٹرین کو 30 ارب روپے کی سبسڈی نہ دینا ہوتی تو میں ہائی سے ہائر سکینڈری سکول اپ گریڈیشن منصوبے کا آج ہی اعلان کردیتا –