پیپلزپارٹی

پی ڈی ایم نہیں بلکہ مہنگائی اور دیگرچیلنجز ہماری اپوزیشن ہے،شگفتہ سجاد

لاہور( لاہور نامہ)پاکستان تحریک انصاف سمن آباد ٹائون حلقہ این اے 126کی صدر شگفتہ سجاد نے کہا ہے کہ حقیقی معنوں میں پی ڈی ایم نہیں بلکہ مہنگائی اوردیگرچیلنجز ہماری اپوزیشن ہے اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت ان سے نبرد آزماہے ،

عوام صرف حکومت ہی نہیں بلکہ اپوزیشن کی کارکردگی پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں جوصرف اپنے مفادات کے حصول کیلئے ہرحدپار کرناچاہتی ہے ،کم آمدنی والے طبقے کیلئے گھروں کیلئے اسٹیٹ بینک کی قرضہ سکیم میں مارک اپ کی شرح کونیچے لانے کیلئے سبسڈی کی مدمیں حکومت نے اربوں روپے جاری کئے ہیں ۔

شگفتہ سجاد نے کہا کہ سابقہ حکومت جومعیشت چھوڑ کرگئی تھی اس پرکاسمٹیکس کے لیپ کی تہہ لگی ہوئی تھی اور جب اصلاحات اور زمینی حقائق کے مطابق اقدامات شروع کئے گئے تو یہ لیپ بہہ گیا اورنیچے سے ” تجربہ کار” حکمرانوں کے کارنامے نکلے۔

وزیر اعظم عمران خان نے اپنی ٹیم کوواضح کہا کہ ہم ماضی کی حکومتوں کی ڈھنگ ٹپائو اورچل چلائو پالیسیوں کی پیروی نہیں کریں گے بلکہ ہم نے اصلاحات کے عمل سے ملک کی معیشت کوحقیقی اور پائیدار ترقی دینی ہے اورآج حکومت اسی جانب پیشرفت کر رہی ہے ۔