لاہور(لاہور نامہ) صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا ہے کہ اب ویکسینیشن سینٹرز اتوار کو بھی کھولے رہیں گے، بزرگوں اور ہیلتھ پروفیشنلز کو ملا کر سوا 4 لاکھ افراد کو ویکسین لگا چکے ہیں۔
صوبے کے بزرگ افراد کو ویکسین لگانا ہماری ترجیح ہے، اس ماہ یا اگلے ماہ تک تمام بزرگوں کی ویکسینیشن کا منصوبہ ہے۔ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ بزرگوں اور ہیلتھ پروفیشنلز کو ملا کر سوا 4 لاکھ افراد کو ویکسین لگاچکے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر18 سے19 ہزار افراد کوویکسین لگائی جارہی ہے۔
وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ اب ہم اتوار کو بھی اپنے ویکسین سینٹرز کھولے رکھیں گے، معذورلوگ جو ویکسین سینٹر نہیں جا سکتے وہ 1033 پر کال کریں، ایمبولینس معذور لوگوں کے گھروں میں جاکر ویکسین لگائے گی۔
ویکسین کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ رجسٹرہونے والے تمام افراد کی ویکسین ہمارے پاس موجود ہے، پنجاب کو 2 لاکھ ویکسین کی مزید خوراکیں دی جاچکی ہیں ، وفاقی حکومت مزید ویکسین حکومت پنجاب کوفراہم کرے گی۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کین سائینو ویکسین کی20 ہزارخوراکیں ہمارے پاس آچکی ہیں،
ڈیمانڈ کے مطابق ویکسین ہمیں مل جائے گی، پنجاب نے اپنی ویکسین خریدنے کیلئے ڈیڑھ ارب روپے مختص کردیے۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں زیادہ ترآبادی30سال سیکم عمرکی ہے، لاہور میں 2 کورونا سینٹرزکھول دیے، پیر کو تیسرا سینٹر کھولا جائے گا۔
کورونا ویکسین کے غائب ہونے کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ اب ویکسین لگانیوالے تمام اسپتالوں کاآڈٹ ہوگا، آڈٹ میں یہ دیکھاجائیگاکہ انہوں نے ہمارا طریقہ کار اپنایا ہے یا نہیں۔