لاہور( لاہورنامہ)انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا ووٹ بینک کسی کی خواہش سے ختم نہیں ہوگا ،
حکومت نہ صرف اپنے پانچ سال مکمل کرے گی بلکہ آئندہ عام انتخابات اس کے ووٹ بینک میں مزید اضافہ ہوگا ، ڈوبتی ہوئی سیاست کو بچانے کیلئے اگر اپوزیشن سیاسی بڑھکیں بھی نہ لگائے تو کیا کرے اس کے پاس کرنے کیلئے کیا کام ہے ؟
جمشید اقبال چیمہ نے رہنمائوں کو ہدایت کی کہ عوام کو کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے آگاہی دی جائے اور سر گرمیاں محدود رکھنے کی اپیل کی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جس زعم میں مبتلا ہے وہ اسے کہیں کا نہیں چھوڑے گا بلکہ ان کی خوش فہمی وقت آنے پر دور ہو جائے گی ۔ 2018ء میں وزیر اعظم عمران خان نے انتہائی مشکلات حالات میں ملک کی باگ ڈور سنبھالی اور ہم ابھی ملک کو درست سمت میں گامزن کرہی رہے تھے کہ کورونا وائرس کی وبا ء آ گئی جس نے پوری دنیا کی معیشتوں کو متاثر کیا ہے۔
وزیر اعظم عمرا ن خان کا واضح اعلان ہے کہ جو بھی حالات ہوں کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے کیونکہ عوام نے ہمیں احتساب کے نام پر ووٹ دیا ہے ۔