مریم اور نگزیب, دیوسائی

عمران صاحب، دیوسائی تک عوام کی رسائی کے لئے سڑکیں نواز شریف نے بنائیں، مریم اور نگزیب

اسلام آباد (لاہورنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے دیوسائی کے بارے میں ٹویٹ پر کہا ہے کہ عمران صاحب دیوسائی تک عوام کی رسائی کے لئے سڑکیں محمد نواز شریف نے بنائیں.

محمد نوازشریف کے لگائے پاور ہاؤس سے عوام دیو سائی کو بجلی مل رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف نے قوم کو روزگار اور امن دے کر اس قابل بنایا کہ وہ دیوسائی جاسکیں،قوم بھوک، بیماری، مہنگائی اور افلاس سے مر رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کرپشن کا ڈھول پیٹنے ، جھوٹے الزامات لگانے سے قوم کا پیٹ نہیں بھرا اور روزگار نہیں ملا۔ انہوںنے کہاکہ قومیں روزگار اور تعلیم سے بنتی ہیں، نواز شریف نے قوم کو روزگار دیا، تعلیم، صحت اور معاشی بہتری قوم کو دی، وطن کی تعمیر کی ۔

انہوں نے کہاکہ قوم کے پاس روزگار ہو،امن اور امید ہو تو وہ دیوسائی بھی جاسکتے ہیں،عمران صاحب آپ نے قوم کو آٹے، چینی، گھی، دال، سبزی کی مہنگائی، روزگار، معیشت کی تباہی کے جہنم میں پھینک دیا۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیا میں اس وقت سب سے کم شرح ترقی اور سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے ۔انہوںنے کہاکہ سود کی شرح اور بھاری ٹیکس لگا کر ٹیکس ریونیو میں اضافے کا گلا گھونٹ دیا گیا ۔

انہوں نے کہاکہ عمران صاحب نے پاکستان کو قرض کے جال میں پھنسا دیا، پاکستان کا پیسہ اب صرف قرض پر سود کی ادائیگی میں جا رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس سود کے بڑھنے کی وجہ یہ ہے کہ عمران صاحب نے اڑھائی سال میں 12 ہزار 863 ارب قرض لیا ،پاکستان کے 72 سال کے 40 فیصد کے برابر قرض عمران صاحب نے اڑھائی سال میں لیا۔

انہوں نے کہاکہ عمران صاحب رمضان سے پہلے ہی چینی 52 سے 120 پر پہنچ گئی ہے ،عمران صاحب رمضان سے پہلے ہی آٹا 35 سے 80 روپے پر پہنچ گیا، اس کی فکر کریں ۔

انہوں نے کہاکہ عمران صاحب رمضان سے پہلے ہی انڈے 84 روپے درجن سے 170 پر پہنچ گئے،عمران صاحب رمضان سے پہلے ہی مرغی 158 سے 450 روپے کلو ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ بجلی کی فی یونٹ قیمت 11 روپے سے 24 ہو چکی ہے،عمران صاحب حالیہ سروے نے بتایا کہ ملک کی دوتہائی معیشت تباہ ہوچکی ہے۔