اسلام آباد (لاہورنامہ)وزیر اعظم عمران خان نے موسم سرما میں دیوسائی کے برف زاروں کی ہموار چٹانوں پر کی جانے والی پہلی سکی ٹریورس کے تصاویر شیئر کی ہیں۔
Exploring winter tourism and ski resorts feasibility, Deosai plains first ever winter ski traverse. pic.twitter.com/gGSOvHEECR
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) April 6, 2021
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ موسم سرما کی سیاحت اور اسکیئنگ ریزارٹس کے امکانات کی دریافت کے سلسلے میں دیوسائی کے برف زاروں کی ہموار چٹانوں پر سرما میں کی جانے والی پہلی سکی ٹریورس کے مناظر ہیں۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں سیاحت کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا ہے اور اس ضمن میں ان کے حوصلہ افزا بیانات سامنے آتے رہتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے ہمیں سیاحتی مقامات کے ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا تھا کہ اس وقت پاکستان میں جتنی سیاحت ہے پہلے کبھی نہیں تھی، باہر سے جو سیاح تھے ان کی تعداد اتنی زیادہ نہیں تھی لیکن مقامی سیاحوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوگیا ہے اور گرمیوں میں شمالی علاقہ جات میں رش ہوتا ہے۔
علاوہ ازیں سیاحت کے فروغ کے لیے موزوں و موافق ماحول پیدا کرنے کے لیے اگست 2020 میں وزیر اعظم عمران خان نے سیاحت کے حوالے سے حکومتی ترجیحات کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اعلیٰ سطح کی قومی رابطہ کمیٹی برائے سیاحت تشکیل دی تھی۔
عمران خان نے معاون خصوصی برائے بیرون ملک پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسوس ڈیولپمنٹ زلفی بخاری کو قومی رابطہ کمیٹی برائے سیاحت کا کنوینر نامزد کیا تھا۔کمیٹی کا مقصد سیاحت کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ٹھوس سفارشات مرتب کرنا تھا .
اس سے قبل معروف کاروباری میگزین فوربز میں شائع ایک آرٹیکل میں 2020 میں سفر کے لیے 10 بہترین ممالک کی فہرست میں پاکستان کا نام بھی شامل کیا گیا تھا۔