لاہورہائی کورٹ نے حج پالیسی 2019 کے خلاف دائر درخواست خارج کردی

لاہور:لاہورہائی کورٹ نے حج پالیسی 2019 کے خلاف دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی،تفصیلات کے مطابق جمعرات کو لاہور ہائی کورٹ میں حج پالیسی 2019 کے خلاف دائر درخواست پرسماعت کے دوران درخواست گزار نے کہاحکومت نے حج اخراجات پرسبسڈی نہیں دی،درخواست گزار نے کہا حکومت نے حج اخراجات میں غیر ضروری اضافہ کر دیا، عدالت حج پالیسی 2019 کالعدم قرار دے۔لاہور ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ حکومت کہتی ہے کہ حج صاحب استطاعت پر فرض ہے، حکومت آئین کے تحت پالیسی بنانے میں خود مختار ہے،عدالت نے ریمارکس دیے کہ انتطامی معاملہ ہے عدالت کیسے مداخلت کر سکتی ہے؟،بعدازاں لاہور ہائی کورٹ نے حج پالیسی 2019 کے خلاف دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی۔وا ضح رہے کہ دو روز قبل وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی 2019 جاری کی تھی جس کے مطابق رواں سال ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانی حج ادا کرسکیں گے۔