لاہور( لاہورنامہ) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنانے کے لئے عملی پیشرفت جاری ہے ،
جس طرح وزیر اعظم عمران خان نے اپنے گھر کی چھت دینے کا وعدہ پورا کر رہے ہیں اسی طرح منشور کے باقی نکات پر بھی عمل کیا جائے گا،ماضی کے حکمران پسے ہوئے طبقات کے گھر نہیں محض باتیں بناتے تھے،
غریب کی بجائے اندرون اور بیرون ممالک اپنے لئے محلات بنائے گئے جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے اس روایت کو توڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی نیک نیتی اور عزم کی وجہ سے 50لاکھ گھروں کا ویژن عملی شکل اختیار کررہا ہے اور یہ اس وعدے کی تکمیل کی طرف واضح قدم ہے،
ایل ڈی اے اورپاکستان ہاؤسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے موضع ہلوکی لاہور میں ایل ڈی اے سٹی ہاؤسنگ سکیم میں35 ہزار اپارٹمنٹس بنائے جائیںگے اور پہلے فیز میں 4ہزار فلیٹ کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پہلے لوگوں کی زندگی گھروں کے کرائے دینے میں گزر جاتی تھی لیکن اب وہ اسی کرائے سے اپنے چھت کے مالک بن جائیں گے جو کسی نعمت سے کم نہیں ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ محترمہ مریم نواز نے مسلم لیگ (ن) کی سیاسی طور پر ڈوبتی ہوئی سانسیں بحال کرنے کیلئے منفی سر گرمیاں ترک کر نے کا درست فیصلہ کیا ہے۔