لاہور شہر میں صفائی ستھرائی ہماری اولین ترجیح ہے،آصف اقبال

لاہور: لاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ڈپٹی مینجرجنرل آصف اقبال نے کہا ہے کہ لاہور شہر میں صفائی ستھرائی ہماری اولین ترجیح ہے۔ لاہور میں زیرو ویسٹ آپریشن کا آغاز کر دیا گیاہے، محکمہ کی اعلیٰ انتظامیہ خود اس آپریشن کی نگرانی کر رہی ہے۔زیرو ویسٹ آپریشن کے ساتھ ساتھ زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر بھی عمل درآمد کیا جا رہا ہے ،ان خیالات کا اظہارآصف اقبال نے گزشتہ روز صحافیوں سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کیا،ڈی ایم جی آصف اقبال نے کہا ہے کہ تمام افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ خود فیلڈ میں موجود ہونے چا ہیے۔ صفائی سے متعلق کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سئنیر انتظامیہ بھی فیلڈ میں موجود رہے اور صفائی آپریشن کی نگرانی کرے۔ا نہوں نے کہا ہے کہ ایل ڈبلیو ایم سی کے افسران کو بھی دفتر سے نکل کر فیلڈ میں رہنے کی ہدایت دی۔غفلت برتنے والے افسر و ورکر کو موقع پر معطل و نوکری سے برخاست کیا جائے گا۔ڈی ایم جی ایل ڈبلیو ایم سی کا کہنا تھا کہ لاہور شہر میں صفائی ستھرائی ہماری اولین ترجیح ہے اور لاہور شہر میں جاری زیرو ویسٹ آپریشن مکمل کئے بغیر کوئی بھی افسر و ورکر چھٹی نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ شہری ایل ڈبلیو ایم سی کے عملے کے ساتھ تعاون کریں۔