لاہور (لاہورنامہ) سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ لاہور پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے مارکیٹوں، شاہراہوں اور پبلک مقامات پر بلاناغہ اور مسلسل گشت اور فلیگ مارچ کے نتیجے میں شہریوں میں ماسک پہننے اور کورونا ایس او پیز پر عمل درامد کرنے بارے شعور اجاگر ہوا ہے۔
لاہور پولیس کی کورونا ایس او پیز مہم کے بعد شہریوں کی اکثریت اب ماسک کی افادیت اور اہمیت کے پیش نظر حفاظتی تدابیر پرسنجیدگی سےعمل کر رہی ہے۔انہوں نے یہ بات آج پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں اعلیٰ سطح کےاجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی،تمام ڈویژنل ایس پیز نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں شہر بھر میں امن و امان کی صورت حال اور کورونا ایس پیز اور حکومتی گائیڈ لائنز پرعملدرآمد کیلئے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے قبضہ گروپوں،منیشات فروشوں اور قمار بازی کے اڈوں کےخلاف کریک ڈاؤن میں پیش رفت کابھی جائزہ لیا۔سی سی پی او لاہور کو سٹریٹ کرائمز کے تدارک کے لئے ہاٹ اسپاٹ ایریاز میں ٹارگٹڈ پٹرولنگ سسٹم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
سی سی پی او لاہور نے کرائم ہاٹ اسپاٹ ایریاز میں ابابیل فورس کو مزید متحرک ہونے اور سنیپ چیکنگ بڑھانے کی ہدایت کی۔غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ کورونا وبا کی صورتحال میں کرائم کنٹرول کرنے،لاء اینڈ آرڈر برقرار اور شہریوں کو گھروں تک محدود رکھنے کے لئے تمام آپریشنل یونٹس مربوط حکمت عملی اپنائیں۔
انہوں نے شہر میں طے شدہ کاروباری اوقات کار اور ماسک کی پابندی پر سختی سے عملدرامد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ شہر میں پٹرولنگ میکانزم مزید فعال ہونے،سرچ آپریشنز میں تیزی لانے سے کرائم کی شرح میں خاطر خواہ کمی ہوئی اور شہریوں کو ریلیف ملا۔
غلام محمود ڈوگر نے عوام دوست پولیسنگ کے تحت تھانوں میں کمیونٹی گائیڈز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے پولیس سے متعلقہ سروسز کی فراہمی کے حوالے سے خدمات کا معیار مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر ذور دیا۔