اوپن یونیورسٹی

اوپن یونیورسٹی نے ‘ اسائنمنٹس مارکس’ ویب سائٹ پر فراہم کردئیے

اسلام آباد (لاہورنامہ)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹرخزاں 2020ء میں پیش کئے گئے میٹرک اور ایف اے پروگرامز میں داخل طلبہ کی امتحانی مشقوں کے حاصل کردہ نمبرات ویب سائٹ پر فراہم کردئیے۔ اِن پروگرامز میں داخل طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ویب سائٹ پر دئیے گئے نمبرز کی پڑتال کریں اور اگر کوئی غلطی ہو تواُن کی نشاندہی کریں تاکہ درستگی بروقت ممکن ہوسکے۔

علاوہ ازیں سمسٹربہار 2021ء کے میٹرک اور ایف ا ے پروگرامز کے داخلے کنفرم ہوچکے ہیں، اِن دونوں پروگرامز میں داخل طلبہ کو ترسیل کتب کا عمل جاری ہے۔ ڈائریکٹر شعبہ داخلہ کے مطابق وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے داخلوں کی تصدیق کے عمل کو جلد از جلد مکمل کرنے کی سختی سے ہدایت کی ہے،

اُن کی ہدایات کی روشنی میں شعبہ داخلہ کے کارکن اور آفیسرز بلا تعطل کام میں مصروف عمل ہیں۔ بی اے پروگرام کے طلبہ کے داخلوں کی تصدیق کا عمل اگلے ہفتے شروع ہوجائے گا اور سٹڈی پیریڈ شروع ہونے سے پہلے جون کے دوسرے ہفتے تک مکمل کرلیا جائے گا۔