لاہور(لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف سمن آباد ٹائون حلقہ این اے 126کی صدر شگفتہ سجاد کی کاوشوں سے محکمہ بیت المال پنجاب کی جانب سے حلقے کے مستحق افراد میں امدادی چیک تقسیم کئے گئے ۔
مرکزی دفتر میں منعقدہ تقریب میں چیئرمین بیت المال پنجاب ملک محمد اعظم اور صدر پی ٹی آئی ویمن ونگ پنجاب ثانیہ کامران نے مستحق افراد میں امدادی چیک تقسیم کئے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بیت المال پنجاب ملک محمد اعظم نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے فلاحی ریاست کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے دن رات کاوشیں جاری ہیں اور انشا اللہ وہ وقت دور نہیں جب ہم اس میں کامیاب ہوں گے ۔
صدر ویمن ونگ ثانیہ کامران نے شگفتہ سجاد کی حلقے کی عوام اور خصوصا مستحق افراد کیلئے عملی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا ہر کارکن اسی جذبے کے تحت کام کر رہا ہے جو قابل ستائش ہے ۔ شگفتہ سجاد نے چیئرمین بیت المال ملک محمد اعظم اور صدر ویمن ونگ ثانیہ کامران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مستحق افراد میں بلا تفریق انتہائی شفاف انداز میں امدادی چیک دئیے گئے ہیں اور انشا اللہ یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا۔
تحریک انصاف کی حکومت لوگوں کو خط غربت سے اوپر لا کر اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے منصوبے پر بھی عمل پیر اہے اور جیسے جیسے ہماری معیشت ترقی کرے گی اس طرف رفتار مزید تیز ہو گی ۔