اسلام آباد (لاہورنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مہنگائی میں تاریخی اضافہ ہونے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہ جھوٹ، فریب ، دھوکہ دہی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے،
تاریخی تبدیلی لانے والے تاریخی مہنگائی ، مفلسی ، غربت اور معاشی تباہی لا رہے ہیں ،تاریخی مہنگائی عوام کی غربت اور بے روزگاری کی نئی تاریخ لکھ رہی ہے ،تاریخی مہنگائی بے روزگاری اور معاشی تباہی عمران صاحب کی تاریخی ناکامی ، نالائقی اور کرپشن کی داستان ہے ۔
انہوں نے کہاکہ انڈے، مرغی، بھینس، کٹے ، بکری سے جس نے معیشت چلانی تھی، اس کے دور میں مرغی اور انڈے تاریخی مہنگے ہو گئے ،تاریخی نالائقوں اور تاریخی نااہلوں نے ملکی معیشت، روزگار اور عوام کا تاریخی بھٹہ بٹھایا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ تاریخی قرض لے کر ظالم حکمرانوں نے تاریخی بوجھ ملک اور قوم پر لاد دیا ہے ،تاریخی ترقی کی شرح کو محض اڑھائی سال میں تاریخی منفی 0.4 فیصد کی تنزلی اور زمین میں دفن کرنے کا تاریخی حادثہ ہوا ،عمران صاحب کی حکومت تاریخ کی جھوٹی، کرپٹ ترین حکومت ثابت ہوئی۔
انہوں نے کہاکہ تاریخی میڈیا سنسرشپ تاریخی فاشزم اور بدترین سیاسی انتقام لیا،آٹا ، چینی ، انڈے، تیل ، گوشت مرغی اور دالوں کی قیمت تاریخی بلند ترین سطح پہ ہے اورتاریخی چور حکمران روپوش ہیں ،گیس بجلی دوائی کی قیمت تاریخی بلند ترین سطح پہ ہے جبکہ بجلی، گیس، دوائی چور عوام کو لوٹ کر مفرور ہیں۔