فلسطینی سفارتخانے

فواد چوہدری کا فلسطینی سفارتخانے کا دورہ ، فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار

اسلام آباد (لاہورنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے عید کے روز فلسطینی سفارتخانے کا دورہ کر کے وزیراعظم عمران خان کا فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا پیغام پہنچایا ۔

وفاقی وزیر نے دورہ کے دور ان پاکستان میں تعینات فلسطین کے سفیر احمد ربائی سے ملاقات کی اور وزیراعظم کی جانب سے فلسطین کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا پیغام پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ اس عید کے موقع پر پاکستان کی پوری قوم فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان کی پوری قوم فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم پر سراپہ مضطرب اور احتجاج میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کو ہر سطح پر پاکستان کی حکومت کی اعانت حاصل رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان بذات خود فلسطین کے حالات کا جائزہ لے رہے ہیں، وزیراعظم فلسطین کے مسئلہ پر مسلسل اسلامی ریاستوں کے حکمرانوں سے رابطے میں ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم نے ترک صدر طیب اردوان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے رابطہ کر کے فلسطین میں مسلط اسرائیلی جارحیت کو بین الاقوامی سطح پر اٹھانے کا اعادہ بھی کیا ہے۔ فلسطینی سفیر احمد ربائی نے فواد چوہدری سے پاکستان کی فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی پر اظہار تشکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساتھ یکجہتی کا اظہار کرکے ہم اپنے آپ کو مضبوط محسوس کرتے ہیں۔

فلسطینی سفیر کے جانب سے بتائے گئے اعداد و شمار کے مطابق اب تک 73 فلسطینی بشمول خواتین و بچے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ 1500 فلسطینی اب تک اسرائیلی مظالم کے سبب زخمی اور 1000 گھر تباہ ہوچکے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح پاکستان ،فلسطین حکمت عملی کے بانی ہیں اور ہم اسی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔

فلسطین کے سفیر نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کو قرآن مجید بھی ہدیہ کیا۔ فواد چوہدری نے فلسطینی سفارتخانہ کی یادداشت میں اپنے دورہ اور فلسطین کے موجودہ حالات پر اپنے جزبات و خیالات بھی قلمبند کئے۔