شیخ رشید

شہباز شریف کا نام اب تک ‘ای سی ایل’ میں نہیں ڈالا گیا ہے، شیخ رشید

اسلام آباد (لاہورنامہ)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے واضح کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا نام تاحال ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں نہیں ڈالا گیا ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ گزشتہ کئی روز سے شہباز شریف کے حوالے سے میڈیا میں شور برپا ہے، ابھی تک ان کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالا گیا کیونکہ کابینہ ڈویژن سے سمری واپس نہیں آئی اور یہ پیر یا منگل تک واپس آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایسا کیس ہے جس کے 14 ملزمان پہلے ہی ای سی ایل میں شامل ہیں اور شہباز شریف کے خاندان کے 5 ملزمان مفرور ہیں جبکہ شہباز شریف خود نواز شریف کے ضامن ہیں۔انہوں نے کہاکہ شہباز شریف سیدھا لندن نہیں جارہے تھے بلکہ انہیں پہلے قطر میں 15 دن قرنطینہ کرنا تھا پھر برطانیہ جانا تھا جبکہ ہمارے پاس ان کی کوئی میڈیکل رپورٹ نہیں آئی۔

شیخ رشید نے کہا کہ کابینہ ڈویژن سے سمری واپس آنے کے بعد وزارت داخلہ اور وزارت قانون مل کر اس حوالے سے قانونی، آئینی اور آرٹیکل 25 کے مطابق کوئی فیصلہ کریں گی۔

واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ حکومت نے عید کے پہلے روز کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری لے لی ہے۔

اس پر ردعمل میں گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے عید والے دن آٹا، چینی، بجلی، گیس اور ادویات سستی کرنے کی ہدایت نہیں دی، صرف شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا، کاش وہ چینی، بجلی، گیس، آٹا، دوائی مافیا اور کمیشن خوروں کو گرفتار کرنے کا حکم دیتے۔