ہمایوں اختر خان

عشائیے پر اکٹھی ہونے والی پی ڈی ایم سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، ہمایوں اختر خان

لاہور (لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ بلا جواز شروع کی گئی تحریک کی ناکامی اور شیرازہ بکھرنے کے بعد ظہرانے یاعشائیے پر اکٹھی ہونے والی پی ڈی ایم سے حکومت کو ہرگز کوئی خطرہ نہیں ،

حزب اختلاف کی جماعتیں 2023ء تک خود کو مصروف رکھنے کیلئے اس طرح کی سر گرمیاں کریں گی ،جب پاکستانی روپیہ مستحکم ہوگا تو ڈالر کے تناسب سے فی کس آمدن بھی بڑھے گی اس لئے آبادی کو کم ظاہر کر کے فی کس آمدن زیادہ ظاہر کرنے کے حوالے سے باتیں صرف منفی پراپیگنڈا ہیں ۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت نے نا مساعد حالات کے باوجود معاشی طور پر بہترین کارکردگی دکھائی ہے جو ماضی کے نام نہاد تجربہ کاروں کو ہضم نہیں ہو رہی۔

موجودہ حکومت نے جو بیرونی قرضے لئے ہیں ان میں سے ایک بڑا حصہ سابقہ حکومت کے قرضوںاور سود کی ادائیگی کی مد میں خرچ ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت مجموعی گروتھ کے حوالے سے غلط اعدادوشمارپیش کر رہی ہے تو مالی سال کے اختتام پر سب کچھ واضح ہو جائے گا .

اورحزب اختلاف کو منفی پراپیگنڈے پر عوام کے سامنے سبکی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار علی خان کے حلف کے معاملے اسمبلی سیکرٹریٹ کی وضاحت آ چکی ہے کہ ان کے حلف کے حوالے سے عدالتوںمیں درخواستیں دائر ہیں جن پر توہین عدالت کے حوالے سے رائے حاصل کرنا ناگزیر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین گروپ نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے بعدواضح کہا ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ ہیں اس لئے حزب اختلاف بغلیں نہ بجائے ۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور ان کا گروپ نرم رویہ رکھتا ہے جبکہ اس کے مقابلے میں نواز شریف اور مریم نواز نے سخت رویہ رکھا ہوا ہے ،جب تک دونوں گروپوں کے درمیان ہم آہنگی نہیں ہو گی یہ آگے نہیں بڑھ سکتے ۔