لاہور( لاہورنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں خواتین ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ سے شمیم آفتاب،ثانیہ کامران، سبین گل، عابدہ راجہ اور ساجدہ یوسف نے ملاقات کی۔
خواتین ارکان اسمبلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے صوبے کی ترقی کیلئے دن رات ایک کیا ہوا ہے۔ہر ضلع کے علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج سے ترقی کا نیا دورشروع ہو گا۔ آپ کی قیادت میں پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار محروم علاقوں پر فوکس کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین ارکان اسمبلی کو ان کا جائز حق دیں گے۔ خواتین ارکان اسمبلی کا کردار نظر انداز نہیں کیاجاسکتا۔ آپ کے علاقوں کے مسائل نوٹ کر لئے ہیں، انہیں فوری حل کریں گے اور ترقیاتی منصوبوں میں خواتین ارکان اسمبلی کے مشوروں کو بھی اہمیت دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی معاشرہ خواتین کی عملی میدان میں شمولیت کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔ سابق دور میں ارکان اسمبلی کو فیصلہ سازی کے عمل میں شامل نہیں کیاگیا اور ون مین شو کے ذریعے صوبے کو چلانا تباہ کن ثابت ہوا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ میں ٹیم ورک پر یقین رکھتا ہوں اور ہم سب کو ساتھ لے کر چلتے ہیں اورمشاورت سے فیصلے کرتے ہیں۔ نئے پاکستان میں خواتین کو عزت و احترام، ترقی، خود مختاری اور تحفظ دیں گے۔