لاہور( لاہورنامہ) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑ نے شاہکام فلائی اوور منصوبے کا دورہ کیا۔
چیف انجینئر عبدالرزاق چوہان نے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ کو منصوبے پر جاری کام پر بریفنگ دی۔چیف انجینئر نے بتایا کہ شاہکام فلائی اوور منصوبہ600میٹر طویل ہوگا۔
اس منصوبے کے لئے 75کنال اراضی ایکوائیر کی جائے گی۔اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر ہارون سیفی، این ایل سی اور ایل ڈی اے کے متعلقہ افسران موقع پر موجودتھے۔ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ نے این ایل سی کنٹریکٹر کو منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
منصوبے میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پرمیڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ نے کہا کہ لاہور کے مسائل کے حل کے لئے حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات ہیں۔
شہر میں جہاں بھی ٹریفک کے مسائل ہیں وہاں منصوبے بنائے جا رہے ہیں۔ شاہکام فلائی اوور ایک میگا پراجیکٹ ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی دلچسپی سے یہ منصوبہ شروع کیا گیا ہے ۔شاہکام فلائی اوور منصوبے پرسوا 4ارب روپے لاگت آئے گی۔
منصوبے کے لئے 3مقامات پر ٹیسٹ پائلنگ کا کام مکمل ہو چکا ہے۔یہ منصوبہ 10ماہ میں مکمل ہوگا۔اس منصوبے سے روزانہ لاکھوں گاڑیوں کو آمددورفت میں آسانی ہو گی۔ منصوبے کے ساتھ 10کلو میٹر طویل سٹرکوں کا نیٹ ورک بنایا جائے گا۔اس منصوبے میں روہی نالے پر دو اضائی برج بھی بنائے جائیں گے۔ ڈیفنس روڈ دو رویہ کیا جائے گا۔ اس منصوبے سے پورے علاقے میں ٹریفک کے مسائل حل ہو جائیں گے۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے کہا کہ تعمیراتی کاموں کے دوران ٹریفک کے بہائو کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ لائٹ اور ہیوی ٹریفک کے لئے ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر ٹریفک پلان بنایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شاہکام فلائی اوور منصوبے سمیت شہر میں جاری تمام منصوبوں کو ترجیح بنیادوں پر مکمل کریں گے۔
اس موقع پر ڈائریکٹرجنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ نے چیف انجینئر کو تعمیراتی کاموں کے دوران ٹریفک کے متبادل روٹس کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔تعمیراتی کاموں کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی نہیں ہونی چایئے۔شہریوں کی رہنمائی کے لئے مختلف مقامات پر سائن بورڈز نصب کئے جائیں۔