لاہور( لاہورنامہ)مقامی عدالت نے ریاست مخالف بیانات دینے کے مقدمے میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 جون تک توسیع کر دی۔
جاوید لطیف کو انتہائی سخت سکیورٹی میں جوڈیشل مجسٹریٹ احسن رضا کی عدالت میںپیش کیا گیا ۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے استفسار کیا کہ چالان کے حوالے سے کیا رپورٹ ہے ۔ جیل حکام نے بتایاکہ چالان کا تعلق تفتیشی سے ہے ہم نے ملزم کو جیل سے پیش کیا ہے ۔
عدالت نے جاوید لطیف سے استفسارکیا کہ آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں؟ جس پر جاوید لطیف کاکہنا تھاکہ یہ جو غداری کی فیکٹری لگائی ہے اسے بند ہونا چاہیے، اداروں میں خرابی کی نشاندہی کرنا غداری نہیں ہے،میں نے اداروں کی حفاظت کا حلف اٹھایا ہے، اگر اداروں کو ٹھیک کرنے کے لیے بات کرنا پڑی تو میں بات کرتا رہوں گا، یہ آٹھ دس بیس لوگوں کا پاکستان نہیں ہے،
آٹھ دس لوگوں کے پاکستان کو کھپے نہیں کہہ سکتا ۔ عدالت نے جاوید لطیف کے جوڈیشل ریمانڈ میں9 جون تک توسیع کرتے ہوئے پولیس کو جاوید لطیف کے کیس کا چالان جلد جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔