بلاول بھٹو زر داری

بجٹ عام آدمی کو معاشی طور پر کچلنے کی سازش ہے، ہم ناکام بنائے گے،بلاول بھٹو زر داری

اسلام آباد (لاہورنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی بجٹ میں عام آدمی کو معاشی طور پر کچلنے کی سازش کو ناکام بنائے گی،

بجٹ 2021 میں کم آمدنی والا طبقہ عمران خان کے نشانے پر ہے، اگر بدترین مہنگائی کے دور میں تنخواہ دار طبقے کو ٹیکسوں میں جکڑدیا گیا تو اس سے بڑا کوئی اور ظلم نہیں،ایک کے بعد ایک ملکی تاریخ کے ناکام ترین بجٹ پیش کرنے والی پی ٹی آئی حکومت کے معاشی جرائم کبھی معاف نہیں کئے جائیں گے۔

بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت بجٹ میں بھاری ٹیکس لگاکر معمولی تنخواہیں وصول کرنے والوں پر معاشی بوجھ ڈالنا چاہتی ہے۔ بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ ایس پی آئی انڈکس کے تحت ملک میں پہلے ہی مہنگائی کی شرح 20 فیصد تک کی بلندی کو چھورہی ہے،

اگر بدترین مہنگائی کے دور میں تنخواہ دار طبقے کو ٹیکسوں میں جکڑدیا گیا تو اس سے بڑا کوئی اور ظلم نہیں۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان امیروں کو ایمنسٹی اسکیمیں دے کر اور غریبوں سے ٹیکس وصول کرکے اپنی عوام دشمنی ثابت کررہے ہیں،

مہنگائی سے پریشان عام آدمی پر پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ میں اربوں روپے کے ٹیکس لگانے کی منصوبہ بندی کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت جس رفتار سے معاشی ترقی کے دعوے کررہی ہے، اس سے دگنی رفتار سے ملک میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔

بلاول بھٹوزر داری نے سوال کیاکہ آئی ایم ایف کے ملازموں سے بجٹ تیار کرانے والے عمران خان بتائیں کہ ان کی معاشی ٹیم کہاں گئی؟چوتھا بجٹ پیش کرنے سے پہلے عمران خان تیسرا وزیرخزانہ اور پانچواں سیکرٹری تجارت لے آئے مگر وزیراعظم کی معاشی ٹیم کہیں نظر نہیں آئی۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت نے بجٹ سے چند دنوں قبل پہلے محکمہ خزانہ کے سیکریٹری کو بدلا اور پھر معاشی تباہی کو جعلی معاشی ترقی میں تبدیل کردیا۔ انہوںنے کہاکہ اعدادوشمار کا ہیر پھیر کرکے عمران خان اپنے مداحوں سے واہ واہ سمیٹ سکتے ہیں مگر عوام وزیراعظم کے معاشی خوش حالی کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ایک کے بعد ایک ملکی تاریخ کے ناکام ترین بجٹ پیش کرنے والی پی ٹی آئی حکومت کے معاشی جرائم کبھی معاف نہیں کئے جائیں گے۔