شاہ محمود قریشی

چین اور پاکستان مل کر افغانستان کی تعمیر نو میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (لاہورنامہ)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ قیام امن کی صورت میں، چین اور پاکستان دونوں مل کر افغانستان کی تعمیر نو میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں،

افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے ہماری اور تاجکستان کی سوچ میں مماثلت ہے ،بھارت کومقبوضہ کشمیر میں اٹھائے گئے اگست 2019 کے غیر آئینی، یکطرفہ اقدامات پر نظرثانی کرنا ہو گی ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان، وزیر اعظم عمران خان کے وڑن کی روشنی میں، خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے اس حوالے سے ہماری پہلی ترجیح ”افغانستان”کا امن ہے ۔

انہوں نے کہاکہ افغانستان کی صورتحال پر غوروخوض کیلئے پاکستان، چین اور افغانستان کے مابین ”سہ فریقی بیٹھک”ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ چین کے پاس ٹیکنالوجی اور ہمارے پاس مین پاور ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت کی ترجیح ”جیو اکنامک”ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان کو تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بنانا چاہتے ہیں ،اس حوالے سے ہمارا اکنامک کاریڈور اور گوادر پورٹ اہم کردار ادا کریں گے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ”وسط ایشیائی ریاستوں کے نئے وژن”پر عمل پیرا ہیں ۔