ڈاکٹریاسمین راشد

لیڈی ولنگڈن ہسپتال کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، ڈاکٹریاسمین راشد

لاہور (لاہورنامہ) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے مریضوں کی آسانی کیلئے لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی صلاحیت بڑھانے کا حکم دے دیاہے۔

ڈاکٹریاسمین راشدنے یہ احکامات لیڈی ولنگڈن ہسپتال کے تفصیلی دورہ کے دوران کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کئے۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سپیشلائز ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹرآصف طفیل،وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹرخالدمسعودگوندل،ایم ایس اور فیکلٹی ممبران موجودتھے۔

وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے لیڈی ولنگڈن ہسپتال میں ایمرجنسی،آپریشن تھیٹرزاور مریضوں کیلئے دیگرطبی سہولیات کا جائزہ لیا۔وائس چانسلرکنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹرخالدمسعودگوندل نے وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکو لیڈی ولنگڈن ہسپتال میں مریضوں کیلئے طبی سہولیات بارے بریفنگ دی۔اجلاس کے دوران فیکلٹی ممبران کی سفارشات پر غورکیاگیا۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ لیڈی ولنگڈن ہسپتال میں بستروں کی تعدادکوبڑھایاجارہاہے۔لیڈی ولنگڈن ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو علاج کی شاندارسہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔

ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ لیڈی ولنگڈن ہسپتال میں ٹیچنگ اور ٹریننگ کے شعبہ جات میں بہتری لائی جائے گی۔لیڈی ولنگڈن ہسپتال میں چار نئی سب سیشلٹیز کیلئے عمارت بنائی جائے گی۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ کورونا وائرس کی وباء کے دوران فرنٹ لائن ہیلتھ کئیر پروفیشنلز نے بے مثال خدمات سرانجام دی ہیں۔

ڈاکٹرزکے پاس مریضوں کی خدمت کرکے دنیا میں ہی جنت کمانے کا نادرموقع ہے۔لیڈی ولنگڈن ہسپتال کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ لیڈی ولنگڈن ہسپتال کا ماسٹرپلان بنایاجائے گا۔

لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی مکمل ری ویمپنگ کی جائے گی۔صوبائی وزیر صحت نے آرکٹیکٹ کو ہسپتال کی عمارت کی تزئین و آرائش کا تخمینہ لگانے کی ہدایت بھی کی۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے لیڈی ولنگٹن ہسپتال کی بہتری کیلئے تفصیلی دورہ کرنے پر وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکا تہہ دل سے شکریہ ادکیا.

اورکوروناکی وباء میں شاندارخدمات سرانجام دینے پر ٹیچرآف دی ٹیچرزڈاکٹریاسمین راشدکو خراج تحسین بھی پیش کیا۔پروفیسرڈاکٹرخالدمسعودگوندل نے کہاکہ ڈاکٹر یاسمین راشدنے ہمیشہ انسانیت کی بھلائی کیلئے کام کیاہے۔انہوں نے وزیر صحت کو پہلے سے زیادہ محنت کرکے مریضوں کیلئے آسانیاں پیداکرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔