فیاض الحسن چوہان

بلاول نے ایک دفعہ پھر نیب سے بچنے کے لیے این آر او کا ذکر کر دیا، فیاض الحسن چوہان

لاہور(لاہورنامہ) وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اسلام آباد میں بلاول زرداری کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ بلاول زرداری سمیت پوری سندھ حکومت ”اگا دوڑ پیچھا چوڑ” فارمولے پر عمل پیرا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شاید بلاول زرداری سندھ میں حکومتی اراکین کی جانب پانی چوری اور بڑھتے مثبت کرونا کیسز سے توجہ ہٹانے کے لیے اوٹ پٹانگ باتیں کر رہے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ آج پھر بلاول زرداری نے نیب سے بچنے کے لیے این آر او کا ڈھکا چھپا ذکر کر دیا۔ دوسری طرف سندھ کی عوام صاف پانی، ادویات اور عزت نفس کو ترس رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بزدار حکومت نے پورے صوبے کے لیے یونیورسل ہیلتھ کوریج کا آغاز کر دیا ہے۔ تھرپارکر میں بچے بھوک اور صحت کی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث جاں بحق ہوتے رہے۔ جبکہ آصف زرداری ہر سال علاج کی غرض سے بیرون ملک کے دورے کرتے رہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی کو سینیٹ انتخابات کی طرح آزاد کشمیر انتخابات میں بھی شکست نظر آ رہی ہے، اسی لیے بلاول زرداری انتخابی اصلاحات پر بے جا تنقید کرتے نظر آ رہے ہیں۔