اسلام آباد (لاہورنامہ)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک میں مقیم پاکستانی تارکین وطن ملکی معیشت کی ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں کیونکہ انہیں جدید ٹیکنالوجی ، تحقیق اور مصنوعات کی ترقی میں مہارت حاصل ہے۔
جمعہ کو سائنس و ٹیکنالوجی منصوبوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستانی تارکین وطن کے تعاون سے برآمدی معیشت کی ترقی سے متعلق ایک ویبنار کی صدارت کررہے تھے۔ سیلیکون ویلی اور دنیا کے دیگر حصوں سے تعلق رکھنے والی معروف کمپنیوں کے ماہرین نے ویبنار میں حصہ لیا۔یہ ویبنار وہ پہلا موقع ہے جہاں دنیا بھر کے مختلف شعبوں کے معروف ماہرین کے ساتھ رابطہ قائم کیا گیا ہے۔
ویبنار میں سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہونے والی ترقی اور دیگر امور زیر بحث لائے گئے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس طرح کے روابط پاکستانی تارکین وطن کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں معاون ثابت ہوں گے جو اپنی مادر وطن کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان بیرون ملک مقیم پاکستانی تارکین وطن کو سہولتوں کی فراہمی کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم تحقیق اور ترقیاتی ڈھانچے کو مستحکم کرنے ، جدید ٹیکنالوجیزکا اطلاق اور مصنوعات کی ترقی میں ان کی مہارتوں سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برآمدی معیشت میں ویلیو ایڈیشن بنیادی اہمیت کی حامل ہے جو انہی اقدامات کے ذریعے حاصل کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت ملک میں کاروبار کو آسانی بنانے کے لئے ہر ممکن کوششیں کررہی ہے جو ملک میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔وفاقی وزیر کو یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستانی تارکین کی طرف سے 200 ملین ڈالر کا فنڈ اکٹھا کیا جائے گا جس میں سے 100 ملین ڈالر ویکسینز اور مزید 100 ملین ڈالر آر این ڈی کے لئے مختص ہونگے۔