عثمان بزدار سے مولانا طاہر محمود اشرفی

عثمان بزدار سے مولانا طاہر محمود اشرفی کی ملاقات، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال

لاہور (لاہورنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آج وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مولانا طاہر محمود اشرفی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا-

وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب صوبے میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے علمائے کرام کے کردار کی معترف ہے۔معاشرے میں تحمل، برداشت اور بھائی چارے کے جذبات کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔ علمائے کرام نے ہمیشہ رواداری اور یکجہتی کو فروغ دیا ہے۔

انتہاپسندی کے خلاف فکری اور نظریاتی جنگ میں علمائے کرام کا کردار لائق تحسین ہے۔ اسلام کے سنہری اصولوں، برداشت، امن، رواداری، بردباری او ربھائی چارے کو آگے لے کر چلنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے دوران بھی علمائے کرام نے اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے۔کورو نا سے بچاؤ کیلئے ویکسین لگوانا ناگزیر ہے –

اس ضمن میں علماء کرام عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے کردارادا کریں -وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تاریخ کا دھارابدل کر پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔مولانا طاہر اشرفی نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلی عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں –

کورونا پر قابو پانے کے لئے پاکستان کے اقدامات کو دنیا تسلیم کرتی ہے- انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین کے حوالے سے علماء کرام اپنابھرپور کردار جاری رکھیں گے-علمائے کرام امن، بھائی چارے اور یکجہتی کے فروغ میں حکومت کے ساتھ ہیں۔