اسلام آباد (لاہورنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائدحزب اختلاف شہبازشریف نے کہاہے کہ پوری انسانیت کو ماحول کی بہتری اور ایکو سسٹم کی بحالی کے لئے کام کرنا ہوگا ،
شجر کاری، زمین کی بہتری اور ایکوسسٹم کی بحالی سے ہی انسان کی زندگی میں معیاری بہتر ی آسکتی ہے ،بلدیاتی ادارے اور مقامی حکومتیں ماحولیاتی بہتری اور شجرکاری میں موثر کردار ادا کرسکتی ہیں ۔
ہفتہ کو ماحولیات کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ ماحول کو بچانے کا مطلب آج بنی نوع انسان اور حیات کو بچانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج پوری انسانیت کو ماحول کی بہتری اور ایکو سسٹم کی بحالی کے لئے کام کرنا ہوگا ۔
انہوں نے کہاکہ شجر کاری، زمین کی بہتری اور ایکوسسٹم کی بحالی سے ہی انسان کی زندگی میںمعیاری بہتر ی آسکتی ہے ، درختوں کی کٹائی، جنگلات کی کمی اور ماحولیاتی تبدیلیاں دنیا میں بھوک ، امراض پیدا اور معیار زندگی متاثر کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی ادارے اور مقامی حکومتیں ماحولیاتی بہتری اور شجرکاری میں موثر کردار ادا کرسکتی ہیں ،بلدیاتی ادارے اپنے مقامی علاقوں میں کامیاب شجرکاری اور اس کی دیکھ بھال کرسکتے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ پہاڑوں دریاوں، سمندروں، جنگلات اور ان میں رہنے والی حیات کی حفاظت کرنا ہوگی ۔ انہوںنے کہاکہ ماحول بچانے کے لئے موثر عالمی اشتراک اور اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ،بین الاقوامی، علاقائی اور مقامی سطح پر مشترکہ کوششوں کو مربوط انداز میں استوار کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ سکول، کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر شجرکاری کی تربیت، جذبہ اور شوق دلانے کے اقدامات تحریک بن سکتی ہے ،اسلام نے ماحول اور شجرکاری کو صدقہ جاریہ قرار دے کر اسے عبادت اور بخشش کاذریعہ بنا دیا. مسلمانوں کو خاص طورپر زیادہ سے زیادہ درخت لگانے اور ماحول کی بہتری میں کردار ادا کرنا چاہیے ۔