کراچی اور لاہور

کراچی اور لاہور کے درمیان چلنے والی جناح،کراچی ایکسپریس منسوخ

لاہور (لاہورنامہ)ڈہرکی میں ٹرین حادثے کے باعث محکمہ ریلوے نے کراچی اور لاہور کے درمیان چلنے والی 31اپ اور 32ڈائون جناح ایکسپریس جبکہ 15اپ اور 16 ڈائون کراچی ایکسپریس منسوخ کر دی ہیں۔

ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ آفس کراچی کے مطابق دونوں ٹرینوں کے مسافروں کو بالترتیب قراقرام ایکسپریس اور شاہ حسین ایکسپریس میں بٹھایا گیاہے۔دونوں ٹرینوں کی منسوخی صرف 7جون کے لیے کی گئی۔

حادثے کے باعث دونوں ٹریک پر اپ اور ڈائون کی ٹرینیں مختلف اسٹیشنوں پر رکی ہوئی ہیں۔کراچی سے پشاور جانے والی خیبر میل رانی پور اسٹیشن، کراچی سے مارگلہ اسلام آباد جانے والی گرین لائن ایکسپریس گمبٹ اسٹیشن، کراچی سے ملتان جانے والی بہاء الدین زکریا گھوٹکی اسٹیشن، کراچی سے راولپنڈی جانے والی سر سید ایکسپریس پنوں عاقل اسٹیشن اور کراچی سے لاہور جانے والی فرید ایکسپریس روہڑی اسٹیشن پر رکی ہوئی ہے۔

مارگلہ اسلام آباد سے کراچی آنے والی 6ڈائون گرین لائن ایکسپریس صادق آباد اسٹیشن، پشاور سے کراچی آنے والی 48 ڈائون رحیم یار خان اسٹیشن، پشاور سے کراچی آنے والی 14ڈائون عوام ایکسپریس لیاقت پور اسٹیشن، لاہور سے کراچی آنے والی 44 ڈائون شاہ حسین ایکسپریس ڈیرہ نواب صاحب اسٹیشن اور حویلیاں سے کراچی آنے والی 12 ڈائون ہزارہ ایکسپریس سمہ سٹہ اسٹیشن پر رکی ہوئی ہے۔

دونوں ٹریک کی بحالی تک تمام ٹرینیں مختلف اسٹیشنز پر رکی رہیں گی۔واضح رہے کہ پیرکی صبح گھوٹکی کے ریتی ریلوے اسٹیشن کے قریب کراچی سے سرگودھا جانے والی ملت ایکسپریس پٹری سے اتر گئی جبکہ اسی دوران راولپنڈی سے کراچی آنے والی سر سید ایکسپریس بوگیوں سے ٹکرا گئی۔

حادثے کے باعث 40سے زائد افراد جاں بحق جبکہ100سے زائد زخمی ہوگئے۔محکمہ ریلوے سکھر ڈویژن نے انفارمیشن ڈیسک کا ٹیلی فون نمبر جاری کردیا اور کہا ہے کہ مسافروں کے رشتہ دار 0719310087 پر رابطہ کریں۔