اسلام آباد(لاہورنامہ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی ایوانِ نمائندگان کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین گریگوری ویلڈن مِیکس کے ساتھ بذریعہ ویڈیو لنک رابطہ کیا ہے، پاکستان افغانستان سمیت خطے میں امن کا خواہاں ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی ایوانِ نمائندگان کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین گریگوری ویلڈن مِیکس کے ساتھ بذریعہ ویڈیو لنک رابطہ کیا ہے۔ دوطرفہ تعلقات سمیت اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان اوراہم علاقائی وعالمی امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ دو طرفہ تعلقات ہیں۔ خطے میں قیام امن کے حوالے سے دونوں ممالک کی سوچ میں مماثلت ہے۔
خطے میں روابط کے فروغ کیلئے قیام امن بنیادی ضرورت ہے۔ شاہ محمود قریشی نے اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر پاکستان کی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ سمیت مختلف عالمی فورمز پرنفرت آمیز بیانیے اور اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف مسلسل آواز اٹھا رہا ہے۔
اسلاموفوبیا کے تدارک اور پرامن بقائے باہمی کو یقینی بنانے کیلئے عالمی برادری کو مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے۔ چئیرمین امریکی پارلیمنٹ فارن افیرز کمیٹی نے کہا کہ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے۔ خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔