لاہور(لاہورنامہ) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں کورونا ویکسی نیشن سینٹر کا افتتاح کردیا گیا۔
وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر سیدمنصور سرور اور ڈی سی لاہور مدثر ریاض ملک نے سینٹر کا افتتاح کیا۔ ویکسی نیشن سینٹر میں یو ای ٹی ملازمین، ان کے اہل خانہ اور طلبا کو مفت ویکسین لگائی جائے گی۔
سینٹر میں رجسٹریشن، سکریننگ اورویکسین کیلئے چار چار ڈیسک بنائے گئے ہیں،جبکہ آرام کیلئے چار بیڈز بھی سینٹر ز میں ہوں گے، اس دوران ایک ڈاکٹر اور 60 کوالیفائیڈ ویکسی نیشن سٹاف بھی سینٹر میں موجود ہوگا، کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو ٹیم فرسٹ ایڈ کٹ کے ہمراہ سینٹر میں موجود رہے گی .
جبکہ ایک ایمبولینس بھی سینٹر میں رہے گی۔ ڈی ڈی او ہیلتھ شالیمار ٹاؤن ڈاکٹر ثاقب وٹو، اے سی شالیمار ڈاکڑرمنصور قاضی،رجسٹرار یو ای ٹی محمد آصف اور فیکلٹی اور ملازمین بھی اس موقع پر موجودتھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی مدثر ریاض کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسینیشن سنٹر میں ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ سٹاف کو کورونا ویکسینیشن لگائی جائے گی، ان کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسینیشن لگوانا بہت ضروری ہے، کیونکہ ویکسین سے ہی کورونا وباء کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے طلبا و طالبات کو فوری ویکسین لگوانے کی ہدایت بھی کی۔