اسلام آباد( لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت نے آئندہ مالی سال کیلئے پیش کئے گئے بجٹ میں نئے ٹیکسز نہ لگا کر اور کئی طرح کے ریلیف دے کر عوام کو بیل آئوٹ کیا ہے ،
فیڈریشن آف پاکستان چیمبرزسمیت تمام ایسوسی ایشنز ، تاجر تنظیموں اور عوام نے بجٹ پر اپنے بھرپور اطمینان کا اظہار کیا ہے تاہم وزیر اعظم عمران خان کی کامیابیوں سے نالا اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل ”بغض ایسوسی ” کو ایک پل چین اور اطمینان نہیں آ رہا ۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کسی طرح کے نئے ٹیکسز نہیں لگائے ، بالواسطہ ٹیکسز کی شرح کم کی گئی ہے ، گروتھ کیلئے مینو فیکچرننگ کے شعبے کو ریلیف دیا گیا ہے ، یہ حقیقت پر مبنی بجٹ ہے اور قوی امید ہے کہ کوئی منی بجٹ نہیں آئے گا ۔
انہوں ے کہا کہ حکومت نے عوام دوست بجٹ پیش کیا ، احساس پروگرام کیلئے فنڈز کا حجم مزید بڑھایا گیا ہے ، ہم معیشت کی پائیدار ترقی کیلئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کر رہے ہیں ،بیرونی قرضوں کے چنگل سے نکلنے کے لئے منصوبہ بندی اور کوشش کی جارہی ہے ،
اس کے لئے ہم ہائی گروتھ کی طرف جانا چاہتے ہیں اوراپنی برآمدات کو بڑھا کر انہیں مستحکم رکھنا چاہتے ہیں۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن نے بجٹ تقریر سنی نہیں اس لئے انہیں کچھ پتہ نہیں البتہ اب وہ اطمینان سے بجٹ دستاویزات کا جائزہ لے رہے ہیں .
لیکن انہیں دو ربین سے بھی بجٹ میں کوئی خامی نظر نہیں آرہی جس پر انہیں اعلیٰ ظرف کامظاہرہ کرتے ہوئے اپنے رویے پر عوام سے معافی مانگنی چاہیے ۔