لاہو ر(لاہورنامہ) صوبائی وزیر لیبر عنصر مجید خان کی خصوصی ہدایات پر دائمی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے ریفرل سسٹم کوختم کردیاگیا ، مریض اب براہ راست سوشل سکیورٹی ہسپتال کے استقبالیہ سے رابطہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر لیبر عنصر مجید خان کی خصوصی ہدایات پر دائمی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کیلئے سوشل سکیورٹی کا بڑا اقدام اٹھایا گیا ، سوشل سکیورٹی کے تحت دائمی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کا ریفرل سسٹم کو ختم کر دیا گیاہے ،
جس کے بعد دائمی بیماری میں مبتلا مریض براہ راست R-5 کارڈ کے ساتھ نامزد سوشل سکیورٹی ہسپتال کے استقبالیہ سے رابطہ کریں گے ۔صوبائی وزیر لیبر نے کہا ہے کہ اسپتال استقبالیہ سے دستاویزات کی چیکنگ کے بعد مریض متعلقہ سپیشلسٹ سے علاج کی سہولیات حاصل کر سکے گا،
ورکرز اور ان کے اہل خانہ کو جدید علاج و معالجہ کی جدید سہولیات پہنچانے کے لئے تمام وسائل بروئے کا رلائے جا رہے ہیں۔عنصر مجید خان کا کہنا تھا کہ پنجاب سوشل سیکیورٹی کے تحت سرگودھا، فیصل آباد اور تونسہ میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال تعمیر کئے جا رہے ہیں،
سوشل سیکیورٹی اسپتالوں میں جدید آلات کی تنصیب یقینی بنائی جارہی ہے۔ صوبائی وزیر لیبرمزید کہا کہ نئے تعمیر ہونے والے اسپتالوں کیلئے نئی میشنری کی خریداری کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دیں گئیں جبکہ مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کیلئے سوشل سیکیورٹی اسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں نئے وارڈز اور ڈائلسسز سنٹر کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، تحریک انصاف کی حکومت میں مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کی بہتری کیلئے مثالی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔