اسلام آباد(لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہاہے کہ حکومت ایوان کی کارروائی چلانے میں سنجیدہ ہیں تو سپیکر نے ضابطہ اخلاق کی تشکیل کیلئے کمیٹی کے قیام کی پیشرفت کی لیکن حزب اختلاف کا رد عمل سب کے سامنے ہے،
وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کی کامیابی حزب اختلاف کے اعصاب پر سوارہیں اور انہیں کچھ سمجھ نہیں آرہا ، سندھ حکومت اگر وفاق کے قابل تقسیم محاصل سے ملنے والے فنڈ زاستعمال کرنے کی استعداد نہیں رکھتی تواس میںوفاقی حکومت کا کیا قصور ہے ؟
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ایوان کی کارروائی کو چلانے کی جتنی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے اتنی ہی اپوزیشن پر بھی ہے ،اپوزیشن اس طرح کا رویہ اپنا کر حکومت کی کامیابیوں کو ناکامی کے طو رپر پیش نہیں کر سکتی بلکہ ان کا اپنا چہرہ بے نقاب ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایوان میں جو کچھ ہوا اس کے بعد سپیکر نے قواعد و ضوابط کی تشکیل کے لئے کمیٹی کی تشکیل کے لئے پیشرفت کی لیکن اس کے جواب میں حزب اختلاف نے جو رویہ اپنایا وہ سب کے سامنے ہے ۔یہ جس طرح کے مرضی ہتھکنڈے استعمال کر لیں بجٹ پاس ہو گا اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں کامیابیوں کا سفر ایسے ہی جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ایک رکن قومی اسمبلی کی جانب سے ایوان میں روا رکھے گئے رویے کو پنجاب کا کلچر قرار دینا انتہائی مضحکہ خیز ہے.