اسلام آباد:پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل(پی بی سی سی) کے زیر اہتمام سری لنکا کے خلاف سیریز کی تیاری کےلئے قومی بلائنڈ کھلاڑیوں کا جاری تربیتی کیمپ پیر کو اختتام پزیر ہوگا۔پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چےئرمین سیّد سلطان شاہ نے بتایاکہ اوکاڑہ میں جاری تربیتی کیمپ میں 15 کھلاڑی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔
جن میں بی ون کیٹیگری میں ریاست خان، ظفراقبال، ساجد نواز، فخر عباس، شفیع اللہ ۔ بی ٹو کیٹیگری میں نثار علی (کپتان) بدر منیر، مطیع اللہ، معین علی، ایوب خان، شاہزیب حیدر شامل ہیں جبکہ بی تھری کیٹیگری میں محمد راشد، محمد اعجاز، محسن خان اور ثناءاللہ خان مروت کے نام شامل ہیں۔ کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ میں ہیڈ کو چ محمد جمیل، ابرار شاہ اسسٹنٹ کوچ اور ٹرینر مسعود جان جدید اور اعلی معیار کی تربیت دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 22 رکنی قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم سری لنکا کے ساتھ سیریز کےلئے20 فروری کی علی الصبح سری لنکا روانہ ہوگی۔ پاکستان اور سری لنکا کی بلائنڈ ٹیموں کے مابین 3 ٹی 20 اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ سیریز کےلئے 15 کھلاڑی اور7 آفیشلز جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کا چناو¿ کھلاڑیوں کی حالیہ ڈومیسٹک ایونٹس کی کارکردگی، سیلکشن کیلئے کھیلے گئے ٹرائل میچز اور فزیکل فٹنس کو مدنظررکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیریز کےلئے باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتحاب کیا گیا ہے امید ہے کہ قومی ٹیم سری لنکن ٹیم کو ان کی سرزمین پر شکست دیکر وطن واپس لوٹے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کی بلائنڈ ٹیموں کے مابین پہلا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ 21 فروری کو بی آر سی کرکٹ گراﺅنڈ کولمبو میں کھیلاجائیگا۔ دوسرا میچ 22 فروری جبکہ تیسرا ایک روزہ میچ 25 فروری کو کولمبو میں کھیلا جائیگا۔ دونوں ممالک کے مابین تین ٹی 20 میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائیگی جس میں دونوں ممالک کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ 27 فروری کی صبح 10 بجے کولمبو میں کھیلا جائیگا۔ دوسرا ٹی 20 میچ 28 فروری جبکہ تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ یکم مارچ کو کولمبو بی آر سی کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلا جائیگا۔