سعودی ولی عہدکے دورہ پاکستان سے دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا،افتخار علی ملک

لاہور:سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر افتخار علی ملک نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے کو پاک سعودی تعلقات کی تاریخ میں اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

گزشتہ روز یہاں جاری ایک بیان میں سنیئر نائب صدر سارک چیمبر افتخار علی ملک نے کہا کہ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان سے اقتصادی شعبے میں تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی اور موجودی تجارتی حجم میں اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی خوش آئند ہے کہ سعودی عرب قرض نہیں دے رہا بلکہ زرمبادلہ کے ذخائر کے استحکام،کرنسی اور بیرونی ادائیگیوں کے توازن میں تقریبا دو سے تین ارب ڈالر اور مختلف منصوبوں میں تقریبا نو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے جس سے پاکستان کے تجارتی خسارے میں کمی کے ساتھ ساتھ ملک میں نئی سرمایہ کاری آنے سے روز گار کے مواقع پیدا ہوں گے اور کاروبار کے رجحانات کو فروغ حاصل ہو گا۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتی ہے۔