اسلام آباد (لاہورنامہ) وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حکومت اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔
ہیلتھ اینڈ پاپولیشن تھنک ٹینک کا اجلاس ہوا جس کی صدارت معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کی ۔اجلاس کا مقصد کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ویکسین کی کوریج کو بڑھانے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کر نا تھا ، اجلاس میں وفاق اور صوبوں کے ہیلتھ ماہرین بھی شامل تھے ۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہاکہ کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حکومت اقدامات کو یقینی بنارہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت ویکسین کی بلاتعطل فراہمی کو بھی یقینی بنارہی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں دو ہزار سے زائد سنٹرز پر ویکسین لگائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ روزانہ تقریبآ تین سے چارلاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہے ،ملک بھر دو ہزار سنٹرز پر ویکسین کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانا ایک چیلنج تھا ۔
انہوں نے کہاکہ یہ بھی ایک مسلمہ حقیقت ہے گلوبلی ویکسین کی کمی کا مسئلہ ہے مگر حکومت اپنی بہترین حکمت عملی کی وجہ سے ویکسین کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے.