اسلام آباد (لاہورنامہ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ27میں سے 26 نکات پر عملدر آمد ہو چکا ہے ،پاکستان کو گرے لسٹ میں رہنے اور رکھنے کی کوئی گنجائش نہیں بنتی ،
بعض قوتیں چاہتی ہیں پاکستان کے سر پر تلوار لٹکتی رہے ،تعین کرنا ہو گا ایف اے ٹی ایف ایک تکنیکی یا پولیٹیکل فورم ہے ؟ کیافورم کو سیاسی مقاصد کیلئے تو استعمال نہیں کیا جا رہا؟ ۔
انہوں نے کہاکہ میں یہ بھی واضح کرنا ضروری سمجھتا ہوں کہ ہم نے جو بھی اقدامات اٹھائے وہ اپنے مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے اٹھائے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مفاد کیا ہے؟ ہمارا مفاد یہ ہے کہ منی لانڈرنگ نہیں ہونی چاہئے،
پاکستان کی منشاء یہ ہے کہ ہم نے دہشت گردی کی مالی معاونت کا تدارک کرنا ہے، جو بات پاکستان کے مفاد میں ہے وہ ہم کرتے رہیں گے۔