ہمایوں اختر

وزیر اعظم نے گیند اپوزیشن کے کورٹ میں پھینک دی، ہمایوں اختر

اسلام آباد(لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پارلیمنٹ کے پلیٹ فارم سے انتخابی اصلاحات کی پیشکش کر کے گیند اپوزیشن کے کورٹ میں پھینک دی ہے ،

امید ہے کہ اب اپوزیشن میں نہ مانوں کی رٹ چھوڑ کر اس پر پیشرفت میں سنجیدگی کا مظاہرہ کر ے گی ،افغانستان سے امریکی فوج کے انخلاء کے بعدافغانستان میں خانہ جنگی کاخدشہ ہے ،موجودہ حالات میں پاکستان کی قیادت وزیر اعظم عمران خان جیسے وژن رکھنے والے اورمضبو ط لیڈر کے ہاتھ میںہے جو کبھی بھی قوم کی سالمیت کا سودا نہیں ہونے دیں گے۔

ہمایوں اخترخان نے کہا کہ بعض اوقات ایسے قومی معاملات درپیش ہوتے ہیں جس پر اپنے سیاسی مفادات کو پس پشت ڈالنا پڑتا ہے ، وزیر اعظم عمران خان نے حکومت میں آنے کے بعد اپنی سیاست کی بجائے ملک و قوم کے مفادات کو ترجیح دی ہے اور ملک کیلئے غیر معمولی فیصلے کئے ۔

حکومت اس طرف سنجیدگی سے پیشرفت کرناچاہتی ہے لیکن اپوزیشن اس میں ساتھ چلنے کیلئے تیار نہیں ۔ اوور سیز پاکستانی ہمارااثاثہ ہیں اور ان کی ترسیلات زر کامعیشت میں کلیدی کردار ہے ،کیا انہیں ووٹ اور پارلیمنٹ میں نمائندگی کے حق سے روکنا چاہیے ۔

حکومت نے انتخابی اصلاحالات کے لئے کنکریٹ پالیسی دیدی ہے اور اس پر بات چیت کے لئے سنجیدہ بھی ہے ،اب بال اپوزیشن کے کورٹ میں ہے اور عوام صرف حکومت ہی نہیں بلکہ اپوزیشن کے کردارپر بھی گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔