اسلام آ باد (لاہورنامہ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ضمانت کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کو (آج) بدھ کو طلب کر لیا،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ اگر عدالت آصف زرداری کو غیرموجودگی میں ضمانت دیدے تو باقیوں کیلئے مثال نہ بن جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں نیب تحقیقات کے حوالے سے آصف علی زرداری کی درخواست ضمانت پرسماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ اورجسٹس عامر فاروق نے کی۔ جسٹس اطہرمن اللہ نے سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک سے پوچھا کہ کیا آپ ضمانت قبل از گرفتاری مانگ رہے ہیں،
فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آصف علی زرداری اسپتال میں زیرعلاج ہیں، آج کی حاضری سے استثنی کی درخواست دی ہے اگر عدالت طلب کریگی تو آصف علی زرداری پیش ہو جائیں گے،عدالت آصف زرداری کو حفاظتی ضمانت دے تاکہ وہ یہاں پیش ہوجائیں۔
جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ یہ طے شدہ بات ہے کہ ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے درخواست گزار کو پیش ہونا ہوتا ہے، جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ آصف زرداری حفاظتی ضمانت سندھ ہائی کورٹ سے لے سکتے ہیں اگر عدالت آصف علی زرداری کو غیرموجودگی میں ضمانت دیدے تو باقیوں کیلئے مثال نہ بن جائے،عدالت نے آصف زرداری کو طلب کرتے ہوئے سماعت(آج) بدھ تک ملتوی کردی۔