اسلام آ باد (لاہورنامہ) وفاقی وزیر اسد عمر نے نوجوانوں کو مصروفِ عمل رکھنے کے حوالے سے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ نوجوانوں کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے کونسل کے ممبران کو پاکستان کے تمام نوجوانوں کے ساتھ منسلک کرنے کی ضرورت ہے۔
جمعرات کو وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام کے تحت نیشنل یوتھ کونسل کے نئے اراکین کی حلف برداری کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی، اسد عمر، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات، نے تقریب نے رسومات میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
نیشنل یوتھ کونسل کے ارکان نے تمام خدمات پوری ذمہ داری اور ایمانداری کے ساتھ سرانجام دینے اور نوجوانوں کی تعمیر و ترقی کے لئے اپنا کردارجانفشانی کے ساتھ ادا کرنے کا حلف لیا۔
”برِصغیر میں نوجوانوں کی صورت میں جتنا ٹیلنٹ موجود ہے وہ دنیا میں کہیں نہیں۔ نوجوان ہمارے لئے ایک غیر معمولی تحفہ ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ صرف نوجوان ہی جوانوں سے متعلق مسائل کو بہتر طور پر سمجھ سکتے ہیں اس لئے انھیں تمام متعلقہ معاملات میں شامل کرنا اہم ہے،”میں چاہتا ہوں کہ نوجوانوں کو فیصلہ سازی اور پالیسی سازی میں بھرپور طریقے سے شامل کیا جائے۔
معاونِ خصوصی برائے اُمورِ نوجوانانِ / سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار نے تقریب میں شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کیا۔ انھوں نے کامیاب جوان پروگرام کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر کے بھرپور تعاون اور حوصلہ افزائی کے لئے شکریہ ادا کیا۔
معاونِ خصوصی نے نیشنل یوتھ کونسل کے ارکان کا خیرمقدم کیا اور انھیں وفاقی، صوبائی اور مقامی ہر سطح پہ نوجوانوں سے متعلق فیصلہ سازی میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔عثمان ڈار نے کہا میرٹ کی بنیاد پر تشکیل دی جانے والی یہ پہلی نیشنل یوتھ کونسل ہے جس میں تمام ارکان اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر کونسل کا حصہ بنے۔
نیشنل یوتھ کونسل کے ارکان کو ملک کے نوجوانوں کے لئے رول ماڈؒل بننا چاہئے۔ نوجوانوں کے رستے سے رکاوٹوں کو ہٹانا ہماری ذمہ داری ہے۔ معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجوانان نے یو این ایف پی اے کے مالی اور تکنیکی تعاون کا شکریہ ادا کیا اور نیشنل یوتھ کونسل کے لئے انگیجمنٹ پلان بنانے میں سکول آف لیڈرشپ کے مرکزی کردار کو سراہا۔