معیشت کو اپنے پائوں

وزیر اعظم معیشت کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے پیشرفت کر ر ہے ہیں

اسلام آباد( لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماوسابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سابقہ حکومت ہمارے لئے تاریخ کا سب سے بڑا قرضہ اور کرنٹ اکائونٹ خسارہ چھوڑ کر گئی،

اپوزیشن کی جانب سے یہ طعنہ تودیا جاتا ہے کہ حکومت قرضے لے رہی ہے لیکن مسلم لیگ(ن) کے دور کے 95ارب ڈالر کے قرضے کیسے اتارنے ہیں اس کا حل بھی تو بتائے ؟،تحریک انصاف تو پہلی بارحکومت میں آئی ہے اورہم قرضے لے کر ان کے قرضے اتار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے دور میں ڈسکائونٹ ریٹ 18فیصد کی سطح تک گیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے دور میں بھی 14فیصد ریکارڈ پر موجودہے، آئی ایم ایف کی وجہ سے اسے بڑھاناپڑالیکن اسٹیٹ بینک نے اس میں خاطر خواہ کمی کی ہے اور آج یہ ایک سطح پر بر قرار ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں روپے کو اوور ویلیو رکھا گیا جس کا خمیازہ پوری قوم نے بھگتا ،آج پاکستانی روپے کی اوور ویلیوایشن نہیں ہو رہی اوریہ اپنی اصل جگہ پر ہے ۔ ہمایوں اخترخان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے وفاق میں چار ،چارباریاں لی ہیں ،تحریک انصاف توپہلی بار حکومت میں آئی ہے ،

مسلم لیگ (ن) کی سابقہ حکومت 95ارب ڈالرکا بیرونی قرضہ چھوڑ کر گئی ہے ، ہم قرضوںکا دوتہائی ان کے قرضوں اورسود کی مدمیں اد اکر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت معیشت کومضبوط بنیادوں پر کھڑا کر رہی ہے ،

وزیر اعظم عمران خان کا وژن اور عز م ہے کہ ہم نے اپنی معیشت کو بیرونی قرضوں کی بجائے اپنے پائوں پر کھڑا کرنا ہے اوراس کے لئے دن رات کاوشیں جاری ہیں۔